13 اکتوبر 2016 - 12:39
اردوغان کے اہانت آمیز بیان کے بعد عراق کے بڑے سیاسی اتحاد کا ترکی کے ساتھ تعلقات معطل کرنے کا مطالبہ

عراق کے ایک بڑے سیاسی اتحاد نیشنل الائنس نے عراقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات معطل کر دے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نیشنل الائنس نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے اہانت آمیز بیان کے بعد عراقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو معطل کر دے-

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے منگل کو اپنے ایک مداخلت پسندانہ بیان میں شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی موجودگی کو باقی رکھنے پر اصرارکرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی فوج عراقی وزیراعظم کے حکم پر کام نہیں کرتی- ترک صدر نے ایک بار پھر موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں ترک فوجیوں کی شرکت پرزور دیا جبکہ عراقی حکومت اور فوج کا کہنا ہے کہ موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیوں میں کسی بھی دوسرے ملک کے فوجیوں کو شامل نہیں کیا جائے گا-

ترکی کی پارلیمنٹ نے یکم اکتوبر کو ایک بل پاس کرکے شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی موجودگی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی تھی- ترک پارلیمنٹ کے اس اقدام پر عراقی حکومت، پارلیمنٹ، سبھی سیاسی دھڑوں اور عراقی عوام نے شدید برہمی اور غم و غصے کا اظہارکیا ہے-

ترکی نے گذشتہ برس دسمبر میں اپنے ڈیڑھ سو فوجیوں کو شمالی عراق کے شہر موصل کے قریب تعینات کر دیا تھا اور یہ فوجی بدستور وہاں تعینات ہیں- ترکی کی حکومت کہنا ہے کہ یہ فوجی داعش کا مقابلہ کرنے کے لئےوہاں تعینات ہیں جبکہ ترکی ان ملکوں میں شامل ہے جو داعش کی سب سے زیادہ مدد کر رہے ہیں۔

.......

/169